امن کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کریں گے، امریکی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم سے گفتگو

اسلام آبا د۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی مضبوط اور فیصلہ کن قیادت کے نتیجے میں ایران اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی ممکن ہوئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی جنہوں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے امریکی کردار کو بھی سراہا اور سیکرٹری روبیو کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، خصوصاً معاشی تعاون اور تجارت کے شعبے میں پیش رفت کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت اور موثر کردار جاری رکھے گا۔

سیکرٹری روبیو نے پاکستان کی امن کوششوں کی تحسین کی اور کہا کہ امریکہ خطے میں استحکام اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراک جاری رکھنا چاہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں