لاہور۔ہاکی کے میدان میں بھارت کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جب ایف آئی ایچ پرو لیگ میں اس کی ویمنز ٹیم بدترین کارکردگی کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق، بھارتی خواتین کی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ پرو لیگ کے رواں سیزن میں مجموعی طور پر 16 میچز کھیلے، جن میں سے صرف 2 میں فتح حاصل کی، جبکہ 11 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 3 میچز برابر رہے۔ اس ناقص کارکردگی کے باعث بھارت کی ٹیم آخری نمبر پر رہی اور آئندہ سیزن کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی۔
دوسری جانب، بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم بھی کمزور کارکردگی کے باوجود بمشکل اگلے سیزن میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ نو ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں بھارت نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ آئرلینڈ سب سے نچلے یعنی نویں نمبر پر رہا اور باہر ہو گیا۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ کے مردوں اور خواتین، دونوں کیٹیگریز میں نیدرلینڈز (ہالینڈ) کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
مینز کیٹیگری میں بیلجیم دوسرے نمبر پر رہا، اسپین نے تیسری، جرمنی نے چوتھی اور آسٹریلیا نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ارجنٹائن چھٹے، انگلینڈ ساتویں جبکہ بھارت آٹھویں نمبر پر رہا۔
آئندہ سیزن کے لیے آئرلینڈ کی جگہ نئی ٹیم کو شامل کیا جائے گا، جس کے لیے نیوزی لینڈ کو مدعو کیا گیا ہے۔ تاہم اگر نیوزی لینڈ انکار کرتا ہے تو پاکستان کی ٹیم کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔