جوڈیشل کمیشن اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے لاہور ہائی کورٹ، جسٹس بابر ستار کے پشاور ہائی کورٹ اور جسٹس ثمن رفعت کے سندھ ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائی کورٹ ججز کے تبادلے پر غور کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کو لاہور ٹرانسفر کرنے کی منظوری دے دی۔ جسٹس محسن اختر کیانی کا تبادلہ کثرت رائے سے کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس بابر ستار کا پشاور ہائی کورٹ تبادلہ کردیا، ان کا تبادلہ بھی اکثریت سے کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ثمن رفت امتیاز کی سندھ ہائی کورٹ تبادلے کی منظوری دے دی، جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے تبادلے کا فیصلہ اکثریت سے کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلے کی سفارش واپس لے لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفت امتیاز ہائی کورٹ سے روانہ ہوگئیں، جسٹس ثمن رفعت نے اپنا ذاتی سامان چیمبر سے پہلے ہی گھر منتقل کردیا تھا، انہوں نے اپنے عملے سے آخری ملاقات کی اور کہا کہ آپ سب کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا۔اسی طرح جسٹس محسن بھی گھر روانہ ہوگئے، ذرائع کے مطابق وہ اجلاس کے دوران ہی گھر روانہ ہوگئے تھے۔











