اسلام آباد ۔جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ ،پشاور، بلوچستان اور سندھ ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس تعینات کر دیئے ہیں
چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں مستقل چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے نام پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ سے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہو گا، جس کے بعد جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس روزی خان، جسٹس محمد کامران خان اور جسٹس اقبال احمد کاسی کے ناموں پر غور کیا گیا، جن میں سے ذرائع کے مطابق جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس روزی خان سنیارٹی لسٹ میں پہلے پر ہیں۔
دریں اثنا جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے لیے محمد جنید غفار کو مستقل چیف جسٹس بنانے کی منظوری دے دی۔ جسٹس جنید غفار سندھ ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں پہلے نمبر ہیں، ان کی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعیناتی متفقہ طور پر ہوئی۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے بھی غور کیا گیا، جس میں جسٹس سرفراز ڈوگر،جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام زیر غور آئے۔
بعد ازاں جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو مستقل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی