سعودی عرب کا خطے میں امن و استحکام کیلیے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم سے اظہارِ تشکر

اسلام آباد ۔سعودی عرب نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی حالات اور بین الاقوامی سطح پر تعاون سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

اس اہم ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے دلی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی 24 جون کو ہونے والی حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہا اور ان اقدامات کو نہایت اہم اور قابلِ ستائش قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کے قیام میں سعودی عرب کے مثبت کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، اور کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار استحکام کی جانب ایک امید افزا قدم ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے، اور انہوں نے کہا کہ وہ اس دوران سعودی تعاون کے ساتھ بھرپور قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

سعودی سفیر نواف المالکی نے پاکستان کی جانب سے خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی مستقل اور تعمیری کوششوں کی تعریف کی اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

یہ ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں