اسلام آباد ۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے درمیان سرکاری تنخواہوں سے متعلق تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی جانب سے تنقید کے بعد ایاز صادق نے وزیر اعظم شہباز شریف کو باقاعدہ خط لکھ کر اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے۔
خط میں ایاز صادق نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اُن کا تنخواہوں کے معاملے سے کوئی تعلق یا دلچسپی نہیں، اور نہ ہی انہوں نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے یہ بھی واضح کیا کہ اراکینِ اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار صرف وفاقی کابینہ اور وزیر اعظم کے پاس ہے، اور انہوں نے اس حوالے سے کبھی کوئی سفارش یا درخواست نہیں دی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنی تنخواہ 21 لاکھ روپے مقرر کروالی ہے، اور پھر اس فیصلے کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو شاہانہ طرزِ زندگی سے گریز کرنا چاہیے۔