نئی دہلی ۔آپریشن سندور میں ناکامی کے بعد، مودی حکومت نے ہلاک شدہ بھارتی فوجیوں کے لیے اعزازات کا اعلان کر دیا، حالانکہ ابتدا میں ان نقصانات کو چھپانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں جنگ کے دوران جان گنوانے والے فوجیوں کو عزت اور افتخار سے نوازا جاتا ہے، مگر بھارت کا طرزِ عمل اس کے بالکل برعکس نظر آتا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، آپریشن سندور میں بھارتی افواج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم ان ہلاکتوں کو تسلیم کرنے سے گریز کیا گیا، جس کی وجہ سے بھارت کی فوج اور حکومت شدید داخلی دباؤ کا شکار رہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ابتدائی طور پر ان نقصانات کو صیغۂ راز میں رکھا گیا تاکہ عالمی سطح پر ہزیمت سے بچا جا سکے، مگر اب مودی سرکار نے انہی چھپائے گئے جانی نقصان کے متاثرین — یعنی 100 سے زائد فوجی اہلکاروں اور پائلٹس — کو اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق، صرف لائن آف کنٹرول کے علاقے میں ہی بھارت کو 250 سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں 7 اہلکار انڈین ایئر فورس کے، 10 انفنٹری بریگیڈ کے جی ٹاپ مقام پر 5، 93 انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر میں 9، اور رافیل طیاروں کے 3 پائلٹس سمیت بھارتی فضائیہ کے 4 اہلکار شامل ہیں۔
اعزاز یافتگان کی فہرست میں آدم پور ایئربیس پر ہلاک ہونے والے جدید ایس-400 میزائل نظام کے 5 آپریٹرز، ادھم پور ایئر بیس اور ایئر ڈیفنس یونٹ پر مارے گئے 9 اہلکار، راجوڑی ایوی ایشن بیس کے 2 اور اڑی سپلائی ڈپو کے 4 فوجی بھی شامل ہیں۔