اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
صحافیوں سے ملاقات کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں غیر قانونی رہائشی غیر ملکیوں کا ڈیٹا پہلے سےموجود ہے ۔ آئی جی اسلام آباد غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کے خلاف کمر کس لیں۔
انہوں نے کہا کہ جن غیر ملکیوں کے پاس کارڈ موجود ہیں، ان کے لیے 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ 3 ماہ کے بعد ان کو بھی جانا پڑے گا۔ چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہمیں بہت زیادہ ہیں۔ اس حوالے سے چائینز کے ساتھ مل کر بہتر لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔ اسلحہ لائسنس کے اجرا پر سپریم کورٹ کے احکامات پر پابندی عائد ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ سکھ یاتریوں کے لیے آن ارائیول ویزا سسٹم ہو۔ ایف آئی اے، امیگریشن پاسپورٹ اور پولیس کو ری ویمپ کریں گے۔ ٹویٹر کے حوالے سے مزید کچھ وقت درکار ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ 3 ماہ میں اسلام آباد کے تھانوں کی حالت تبدیل کریں گے۔ پولیس اسٹیشنز میں بہتری لائی جائے گی۔ اسلام آباد کے ٹریفک کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ چادر اور چار دیواری کے تقدس پر یقین رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ طاقت آنے جانے والی چیز ہے۔ میں نے بطور وزیراعلیٰ اور نہ اب بطور وزیر داخلہ کبھی پولیس کو گھروں میں خواتین سے بدتمیزی کے احکامات نہیں دیے۔ نیشنل فرانزک لیب اسلام آباد کے لیے کام کا بھی آغاز کر دیا ہے جو بہت تاخیر کا شکار ہے۔
0