پاکستان اور بھارت کے تنازع کو کم کرنے کیلیے مدد فراہم کرنے کو تیار ہوں، ٹرمپ

واشنگٹن۔امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت تنازع کو کم کرنے کیلئے مدد کی پیش کش کردی اور کہا کہ دونو ں نے ایک دوسرے پر حملے کر دیئے ہیں اب دونوں کو رک جانا چاہیے

صدر ٹرمپ نے بھارت کے حملے میں معصوم پاکستانی شہریوں کی شہادتوں اور پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد کی صورت حال پر اپنا بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے حکمرانوں کو جانتا ہوں اور اُن کے ساتھ میرے تعلقات اچھے ہیں اور مجھے اُن کے بارے میں اچھی طرح سے معلوم ہے۔ اب دونوں نے اپنا حساب برابر کرلیا ہے لہذا انہیں معاملے کو حل کرنا چاہیے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے پاک بھارت تنازعہ کو کم کرنے میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی اور تنازع کو کم کرنے کیلیے مدد فراہم کرنے کو تیار ہوں۔

واضح رہے کہ بھارت نے 5 اور 6 مئی کی شب کو پاکستان کے 6 مقامات پر 24 حملے کیے جس کے نتیجے میں چار مساجد، معصوم بچوں سمیت 31 شہری شہید اور 71 زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے تین رافیل طیاروں سمیت پانچ جنگی جہاز، ہیڈ کوارٹر اور لائن آف کنٹرول پر متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں