پاکستان بھارت کو بھاری نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے: امریکی اخبار

واشنگٹن: معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنے حالیہ اداریے میں اس امر پر روشنی ڈالی ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی جنگی طیارے گرانا یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان نہ صرف بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ کسی بھی حملے کا مؤثر جواب دینے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔

اخبار نے تنبیہ کی کہ اگر جنوبی ایشیا کی دو بڑی ایٹمی قوتیں یعنی بھارت اور پاکستان بات چیت سے گریز کرتی رہیں تو یہ کشیدگی کسی بڑے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، جس کے نتائج عالمی سطح پر بھی سنگین ہو سکتے ہیں۔

اداریے میں کہا گیا ہے کہ 1971ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت نے پنجاب کے علاقے میں حملہ کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے کئی طیارے اس کی حدود میں ہی تباہ کر دیے، جو اس کی دفاعی تیاری اور بازدار قوت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اخبار نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور دونوں اطراف کو مذاکرات اور صبر و تحمل کے ذریعے حل نکالنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ بحران سے باعزت انداز میں باہر نکلنے کے لیے فتح کا دعویٰ کرنے کے بجائے حکمت عملی سے کام لیں۔ چین جیسے قریبی دوست ملک پاکستان کو سفارتی سطح پر مؤثر مؤقف اختیار کرنے میں رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، اخبار نے مشورہ دیا کہ بھارت پہلگام حملے کے بعد معطل کیا گیا سندھ طاس معاہدہ بحال کر کے مثبت پیغام دے سکتا ہے، جس کے جواب میں پاکستان بھی مفاہمانہ اقدامات اٹھا سکتا ہے۔ ساتھ ہی، دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ سفارتی اور عسکری سطح پر بیک چینل رابطے بحال کریں تاکہ تناؤ کو کم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں