اسلام آباد ۔ آئندہ مالی سال2025-26 کے بجٹ میںرئیل سٹیٹ کے لئے بڑا ریلیف متوقع ہے ، جائیداد کے خریداروں اور فروخت کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیپیٹل گینز ٹیکس (سی جی ٹی) اور ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں میں رد و بدل کیا جائے گا، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
ذرائع نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے متعلق بتایا کہ بجٹ 26-2025 میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی۔ دوسرا اہم اقدام یہ ہوگا کہ غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت پر لاگو ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو بھی کم کیا جائے گا۔ فی الوقت سیکشن 236 سی کے تحت جائیداد فروخت کرنے والوں پر 3 فیصد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیپیٹل گینز ٹیکس (سی جی ٹی) کی شرح میں بھی یکم جولائی 2025 سے رد و بدل کیا جائے گا تاکہ مہنگائی اور جائیداد کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں اس کو حقیقت پسندانہ بنایا جا سکے۔ سیکشن 37 کے تحت یہ ٹیکس صرف فروخت کنندہ پر لاگو ہوتا ہے، جو اسے اپنی آمدنی کی سالانہ ٹیکس ریٹرن فائل کرتے وقت ادا کرتا ہے۔