پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے اپنی دوسری شادی کے بعد بالآخر اپنے شوہر سے متعلق وہ تفصیل بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کردی ہے جس کا سب کو بے چینی سے انتظار تھا۔
اداکارہ نے حال ہی میں پیرس میں ہونے والی اپنی شادی کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی۔
ان تصاویر میں نمرہ خان گلابی رنگ کے مغربی طرز کے خوبصورت گاؤن میں جلوہ گر ہوئیں، جبکہ ان کے شریکِ حیات سرمئی سوٹ میں نظر آئے، تاہم ابتدائی تصاویر میں انہوں نے اپنے شوہر کا چہرہ چھپائے رکھا تھا۔
شادی کے اعلان کے ساتھ نمرہ خان نے ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی نئی زندگی کو اللّٰہ کی پہلے سے لکھی ہوئی خوبصورت تقدیر قرار دیا۔











