اسلام آباد:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے مکمل باخبر تھے تاہم انہوں نے صوبائی حکومت کے خاتمے کو خوش آئند قرار نہیں دیا۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں سیاسی کشیدگی نہیں بڑھنی چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو تناؤ کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات 380 دن بعد ہوئی ہے جو خوش آئند ہے۔ قیدی کو 15 دن تک اہل خانہ سے ملاقات نہ کرانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اگر ملاقاتیں جاری رہتیں تو سیاسی تناؤ میں کمی آ سکتی تھی اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کی نوبت نہ آتی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہوں نے سیاسی ملاقاتوں کے لیے اپنے سمیت علامہ ناصر عباس کے نام بھی تجویز کیے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور اسپیکر کی گمشدگی سمجھ سے بالاتر ہے۔ اس معاملے پر پشاور ہائیکورٹ میں درخواست لارجر بینچ کو بھیج دی گئی ہے اور جلد سماعت کی امید ہے۔











