پشاور:جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خلاف عوامی احتجاج نہ ہونا تحریک انصاف کے عوامی مینڈیٹ کے دعوؤں پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
مرکز اسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے لانگ مارچ کے دوران بڑے بڑے دعوے کیے لیکن لانگ مارچ ناکام ہوگیا۔ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے باوجود عوام سڑکوں پر نہیں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج نہ ہونے سے غیر مقبول اقدامات کو تقویت ملی ہے اور پی ٹی آئی اپنی حکومت کے خاتمے کے خلاف بھی عوامی سطح پر باہر نہیں نکلی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اور متاثرہ علاقوں میں امن کا قیام اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ حکومت اور عوام کے درمیان بداعتمادی ختم کرنے کے لیے طاقت کے بجائے بامعنی مذاکرات کیے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ معدنی وسائل پر صوبے کا حق ملکیت تسلیم کیا جائے اور تمام معاملات شفاف انداز میں عوام کے سامنے لائے جائیں۔











