مرد کی 4 شادیاں کروانا میرا مشن ہے، مفتی طار ق مسعود کے بیان پر شوبز شخصیات کا شدید ردعمل

اسلام آباد:پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے معروف مذہبی اسکالر مفتی طارق مسعود کے شادیوں سے متعلق وائرل بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے انتہائی خطرناک قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مفتی طارق مسعود مردوں کی چار شادیوں کی حوصلہ افزائی کرتے دکھائی دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کا مقصد ہر مرد کی چار شادیاں کروانا ہے۔ ویڈیو میں کم عمر لڑکیوں سے متعلق بعض ریمارکس بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا باعث بنے ہیں۔

ڈیجیٹل کریئیٹر اریج جمیل کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو نادیہ جمیل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کرتے ہوئے مفتی طارق مسعود کے بیان پر سخت ردعمل دیا۔

نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو تشدد جنسی زیادتی اور قتل جیسے جرائم کا سامنا ہے وہاں اس نوعیت کی گفتگو انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے اسے خواتین کے خلاف نفرت کو مزید ہوا دینے والی گفتگو قرار دیا۔

مفتی طارق مسعود کے وائرل کلپ پر اداکارہ عائشہ عمر متھیرا اور ژالے سرحدی سمیت متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی غصے اور تشویش کا اظہار کیا جبکہ بعض صارفین نے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں