پی ٹی آئی کی لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز، اچکزئی کا صاف انکار

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے رابطہ کرکے لانگ مارچ اکتوبر تک ملتوی کرنے کی تجویز پیش کردی تاہم اچکزئی نے مارچ ملتوی کرنے سے انکار کردیا۔

پی ٹی آئی قیادت نے محمود خان اچکزئی کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ ملتوی کرنے کے حوالے سے سامنے آنے والی تجویز سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے 27 ستمبر کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کے مؤقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا اور لانگ مارچ ملتوی کرنے سے انکار کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں میں تحریک شروع ہوگی جو بتدریج اسلام آباد کی جانب بڑھے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ مؤخر کرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت اور محمود خان اچکزئی کے درمیان اختلاف برقرار ہے جبکہ انہیں قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے لانگ مارچ کو 5 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا ہے تاہم نئی تاریخ کے باضابطہ اعلان سے قبل اپوزیشن لیڈران محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں