نیویارک:وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی جس میں علاقائی اور عالمی امن سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے انتونیو گوتریس کی قیادت اور عالمی سطح پر امن کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت بھی دہرائی۔
وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے تدارک کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی میں اضافے پر بھی دونوں رہنماؤں نے تبادلہ خیال کیا۔
انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائدانہ کردار اور مؤثر آواز کو سراہتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی سراہا۔











