سعودی عرب نے حوثیوں کے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے

جدہ:سعودی عرب کی قیادت میں یمن کی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیے گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے میزائل حملوں اور دیگر خلاف ورزیوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ اتحادی افواج نے حوثیوں کے 6 بیلسٹک میزائل کامیابی سے فضا میں ہی تباہ کیے جس کے باعث سعودی شہروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

جنرل ترکی المالکی کے مطابق میزائلوں کا ملبہ مختلف علاقوں میں گرا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ایسی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس سے قبل میزائل حملوں کے خدشے کے پیش نظر سعودی سول ڈیفنس نے مکہ مکرمہ، تبوک، جدہ، ینبع اور طائف سمیت مختلف علاقوں میں مختصر مدت کے لیے خطرے کے الرٹس جاری کیے تھے۔ بعد ازاں ان شہروں سے خطرہ ٹلنے کا اعلان کیا گیا تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں