پی ٹی آئی لانگ مارچ: پنجاب حکومت نے فوج اور رینجرز کی خدمات مانگ لیں

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر پنجاب حکومت نے فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کرلی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے اٹک جہلم اور میانوالی میں رینجرز جبکہ راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت کو خط ارسال کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک مانگی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیاں اٹک میں 5 ونگز جبکہ جہلم اور میانوالی میں ایک ایک کمپنی تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

رینجرز کی تعیناتی کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 59ویں اجلاس میں دی گئی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 اور متعلقہ قوانین کے تحت کی جائے گی۔

دوسری جانب لانگ مارچ اور احتجاج کے پیش نظر پنجاب اور سندھ سے اضافی پولیس نفری اسلام آباد راولپنڈی اور اٹک طلب کی گئی ہے۔

اٹک میں اضافی نفری کی تعیناتی کے دوران پولیس اہلکاروں کو کھانے کی فراہمی سے متعلق شکایات بھی سامنے آئیں۔ متعلقہ حکام نے بعد ازاں شکایت دور کرکے اہلکاروں کو کھانا فراہم کرنے کی تصدیق کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں