کوہاٹ مسجد حملہ، سلامتی کونسل کا سخت ردعمل

نیویارک:اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں مسجد پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کے ذمہ داروں اور منصوبہ سازوں سمیت مالی معاونت اور سہولت کاری کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا ہے۔

سلامتی کونسل کے صدر اور فرانس کے نمائندے جیروم بونافون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 18 ستمبر 2026 کو کوہاٹ میں مسجد پر ہونے والا خودکش حملہ سنگین دہشتگرد کارروائی تھی۔

بیان کے مطابق حملے میں کم از کم 24 پاکستانی شہری شہید ہوئے جن میں 7 عام شہری اور 17 قانون نافذ کرنے والے اہلکار شامل تھے جبکہ 88 افراد زخمی ہوئے۔ تحریک طالبان پاکستان سے منسلک عناصر سمیت ایک دہشتگرد گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے شہدا کے اہل خانہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سلامتی کونسل نے کہا کہ دہشتگردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات میں شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں