ویلز: شمالی ویلز میں ایک شخص نے کھیت میں میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کے دوران تقریباً 3000 سال قدیم سونے کا کنگن دریافت کرلیا۔
ادریس تھامس شمالی ویلز کی کاؤنٹی گوائنیڈ کے علاقے لانووخلین میں ایک زرعی زمین پر تلاش کر رہے تھے کہ صرف 20 منٹ بعد ان کے میٹل ڈیٹیکٹر نے زمین میں موجود دھاتی چیز کی نشاندہی کی۔
کھدائی کے دوران انہیں چمک دکھائی دی جس پر معلوم ہوا کہ زمین میں موجود چیز سونے کی ہے۔ ادریس کے مطابق ابتدا میں انہیں لگا کہ شاید یہ ٹِن فوائل کا ٹکڑا ہے تاہم قریب سے دیکھنے پر سونے کی جھلک واضح ہوگئی۔
ماہرین نے بعد میں تصدیق کی کہ یہ کانسی کے دور سے تعلق رکھنے والا زیور ہے جس میں تقریباً 92.8 فیصد خالص سونا موجود ہے۔ اس کنگن کی ممکنہ مالیت 15 ہزار سے 20 ہزار پاؤنڈ کے درمیان بتائی گئی ہے جبکہ تحقیقات کے بعد اسے باضابطہ طور پر خزانہ قرار دے دیا گیا۔
ادریس نے بتایا کہ انہوں نے میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کا شوق صرف دو سال قبل شروع کیا تھا اور اس غیر معمولی دریافت پر وہ انتہائی حیران اور خوش ہیں۔
زمین کے مالک گیرینٹ ایڈورڈز نے کہا کہ انہیں ہمیشہ محسوس ہوتا تھا کہ ان کی زمین میں کچھ خاص موجود ہے اور قدیم سونے کے زیور کی دریافت نے اس احساس کو مزید تقویت دی ہے۔











