اسلام آباد:امریکا میں انسان اور ہیومنائیڈ روبوٹ کے درمیان منفرد فائٹ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ امریکی انفلوئنسر اور کانٹینٹ کریئیٹر فرینکی لاپینا نے تقریباً 6 فٹ قد کے ہیومنائیڈ روبوٹ کا مقابلہ کیا۔
یہ غیر معمولی مقابلہ روبوٹکس کمپنی آر ای کے کی جانب سے سان فرانسسکو میں منعقد کیا گیا۔ کمپنی کے مطابق منصوبے کا مقصد ایسا ورچوئل ریئلٹی گیمنگ تجربہ متعارف کرانا ہے جس میں انسان دور بیٹھ کر ہیومنائیڈ روبوٹس کو کنٹرول کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرسکیں۔
وائرل ویڈیو میں روبوٹ کو فائٹ سے قبل پیشہ ور فائٹر کی طرح وارم اپ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ مقابلے کے دوران لاپینا نے روبوٹ پر مکوں سے حملہ کیا جبکہ روبوٹ نے ککس اور دیگر طاقتور وار کیے۔
آر ای کے نے اس مقابلے کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ پہلی انسان بمقابلہ ٹرمینیٹر روبوٹ فائٹ تھی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے سوال اٹھایا کہ پیشہ ور فائٹر کے خلاف روبوٹ کا مقابلہ روایتی فائٹنگ تکنیکوں کے لیے کتنا مختلف ہوسکتا ہے۔











