رات کو ناشتہ اور دن میں نیند، 106 سالہ شخص کا انوکھا طرزِ زندگی

بیجنگ،چین کے 106 سالہ وانگ ڈیانگو اپنی غیر معمولی روزمرہ زندگی اور تقریباً 80 سالہ ازدواجی زندگی کے باعث لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ صوبہ ژجیانگ کے علاقے روئی آن سے تعلق رکھنے والے وانگ آج بھی اپنے بیشتر کام خود کرتے ہیں۔

وانگ کا معمول بھی عام افراد سے مختلف ہے۔ وہ شام 4 یا 5 بجے سونے چلے جاتے ہیں اور رات تقریباً ایک بجے بیدار ہوتے ہیں۔ رات 3 بجے ناشتہ کرنے کے بعد چہل قدمی کیلئے نکل جاتے ہیں۔ ان کے بیٹے نے بھی والد کے معمول کو اپنا لیا ہے اور صبح سویرے اٹھ کر ان کیلئے ناشتہ تیار کرتا ہے۔

106 سال کی عمر کے باوجود وانگ کپڑے دھونے اور نہانے کے ساتھ سلائی جیسے کام بھی خود کرتے ہیں۔ ان کی خوراک سادہ ہے اور وہ زیادہ تر سی فوڈ پسند کرتے ہیں۔ اپنی طویل عمر کا راز بتاتے ہوئے وانگ نے مثبت سوچ اور مضبوط خاندانی روایات کے ساتھ کام کرنے اور نئی چیزیں سیکھنے کے شوق کو اہم قرار دیا۔

وانگ اور ان کی اہلیہ ہونگ ایلیان کی شادی تقریباً 80 سال تک قائم رہی۔ ان کا ایک بیٹا ہے اور خاندان کی چار نسلیں ایک ساتھ رہتی ہیں۔ مقامی افراد اس جوڑے کو مثالی میاں بیوی سمجھتے تھے اور گھریلو اختلافات میں ان سے رہنمائی بھی لیتے تھے۔

وانگ کے بیٹے کے مطابق ان کی والدہ جلد غصے میں آجاتی تھیں جبکہ والد پرسکون مزاج رکھتے تھے۔ والدہ کے غصے کے وقت وانگ بحث کرنے کے بجائے انہیں پانی کا گلاس دیتے تھے جس سے اکثر صورتحال بہتر ہوجاتی تھی۔ اہلیہ کے انتقال کے بعد وانگ کو مشکلات کا سامنا رہا تاہم بیٹے کی مدد سے انہوں نے دوبارہ معمول کی زندگی شروع کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں