تہران۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدے پر اب بھی آمادہ ہیں تاہم امریکا کی بنیادی شرط ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایسے معاہدے کیلئے تیار ہیں جس سے ایران ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔ ان کے مطابق امریکا کیلئے سب سے اہم معاملہ یہ ہے کہ ایران کے پاس کبھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔
روبیو نے کہا کہ اگر ایسا معاہدہ ممکن ہو جو اس شرط کو یقینی بنائے تو صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ سمجھوتے کیلئے تیار ہیں۔ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی رابطے جاری ہیں۔
روبیو کے مطابق امریکا ایرانی قیادت سے ملاقات کیلئے بھی تیار ہے بشرطیکہ اس سے مثبت نتیجے کی امید ہو۔ دوسری جانب ایرانی حکام نے جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی تجاویز کا جائزہ لینے کی تصدیق کی ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔











