اسلام آباد (آفاق نیوز) ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند اور تاریخی شہر سمرقند میں 28 اور 29 ستمبر 2026ء کو پانچویں دو روزہ سمرقند فورم برائے انسانی حقوق کا انعقاد کیا جائے گا۔جس میں انسانی حقوق، پائیدار ترقی اور عالمی تعاون سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
پانچویں سمرقند فورم کا موضوع ’’انسانی حقوق کے بین الاقوامی معاہدوں کے 60 سال اور ترقی کے حق سے متعلق اعلامیے کے 40 سال: وقار، مساوات اور پائیدار ترقی کے لیے عالمی شراکت داری‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مختلف ممالک سے بین الاقوامی تنظیموں، سرکاری اداروں، قومی انسانی حقوق کے اداروں، ممتاز ماہرین، دانشوروں، محققین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان فورم میں شرکت کریں گے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران صدر شوکت مرزیایوف کی کوششوں سے فروغ پانے والے نئے ازبکستان میں انسانی حقوق کے شعبے سے متعلق اہم اور عصری موضوعات پر سمرقند فورمز کا انعقاد ایک اچھی روایت بن چکا ہے۔ 2018ء میں ازبکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے ایشیائی فورم برائے انسانی حقوق نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کے مکالمے میں ایک منفرد ’’سمرقند اسپرٹ‘‘ متعارف کرائی۔
پانچواں سمرقند فورم انسانی حقوق کے بین الاقوامی تحفظ کے نظام کی تاریخ میں اہم سالگرہ کے مواقع کی مناسبت سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
سال 2026ء میں اقوام متحدہ کی دو بنیادی دستاویزات، بین الاقوامی عہد برائے شہری و سیاسی حقوق اور بین الاقوامی عہد برائے اقتصادی، سماجی و ثقافتی حقوق کی منظوری کو 60 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ دونوں عہد نامے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 16 دسمبر 1966ء کو منظور کیے تھے۔
اسی طرح رواں سال اقوام متحدہ کے اعلامیے برائے حقِ ترقی کی منظوری کو بھی 40 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس اعلامیے میں افراد اور اقوام کے اس حق کو تسلیم کیا گیا ہے کہ وہ اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی ترقی میں حصہ لیں، اپنا کردار ادا کریں اور اس کے ثمرات سے مستفید ہوں۔
فورم کا بنیادی مقصد انسانی وقار، مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے عالمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ اہم عالمی سالگرہ کے موقع پر سمرقند فورم کا انعقاد انسانی حقوق کے شعبے میں بین الاقوامی معیارات سے ازبکستان کی وابستگی اور انسانی حقوق سے متعلق عالمی مکالمے میں عملی کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔











