اسلام آباد:پی ٹی آئی کے سیاسی اور کور کمیٹی اجلاس میں حکومت سے مذاکرات اور 4 اکتوبر کے لانگ مارچ سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے مذاکرات کے حوالے سے ارکان کو بریفنگ دی جبکہ سلمان اکرم راجہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایمرجنسی نافذ کرنے کا منصوبہ نظر آ رہا ہے۔ ارکان کی اکثریت نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے اور حکومت کی جانب سے مثبت پیش رفت کی صورت میں لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھانے کی رائے دی۔
اجلاس میں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ بعض ارکان نے تجویز دی کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی شریک ہوں۔
علی محمد خان نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ اسی صورت موخر ہوسکتا ہے جب حکومت سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے اور ان کی بہنوں کی رہائی کے بعد ملاقات بھی مطالبات میں شامل ہونی چاہیے۔
اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کے لیے میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو شامل کرنے اور مقدمات کی جلد سماعت کا مطالبہ کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی۔










