دوبارہ 9مئی جیسے واقعات کے ساتھ طاقت سے نمٹیں گے،کورکمانڈرکانفرنس

اسلام آباد:کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے اور پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے فیصلہ کن طاقت اور قانون کے مطابق بلاامتیاز نمٹا جائے گا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو پاکستان کا دفاعی حق قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ساتھ مؤثر گورننس اور عوامی رابطہ بھی ضروری ہے۔

شرکا نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کے خاتمے اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔

کانفرنس نے پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا جبکہ سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیا۔

شرکا نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے مؤقف کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی تربیت اور جنگی شعبوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتیں بڑھانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں