پاکستان کی مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد:پاکستان نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 29 ستمبر کو مدینہ منورہ کے طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملہ قابل مذمت ہے۔ مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانا سنگین اشتعال انگیزی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے باعث تشویش ہے۔

پاکستان نے حرمین شریفین اور نمازیوں و زائرین کی سلامتی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی کارروائیوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت و سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

پاکستان نے حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی شہریوں و زائرین کی سلامتی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں میں بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں