پشاور:پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران اگر کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار مارچ کی کال دینے والے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ 4 اکتوبر کو ہونے والے پارٹی کے لانگ مارچ میں ضرور شرکت کریں گے اور وہ لانگ مارچ کے مخالف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی تجویز پارٹی کے سامنے رکھ دی ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 26 نومبر 2024 کو جو کچھ ہوا اگر 24 نومبر کو مذاکرات ہوجاتے تو صورتحال مختلف ہوتی۔ ان کے مطابق 26 نومبر کے لانگ مارچ کے باعث بانی پی ٹی آئی کو مزید دو سال جیل میں گزارنے پڑے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کل بھی پارٹی کے وفادار تھے اور آج بھی پارٹی کے وفادار ہیں۔ اگر پارٹی ان کے خلاف کوئی کارروائی کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے۔
شوکت یوسفزئی نے واضح کیا کہ وہ 4 اکتوبر کو پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کریں گے جبکہ ان کا موقف پارٹی کے سامنے بطور تجویز موجود ہے۔











