اسلام آباد:وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی طور پر بہت کمزور ہو چکی ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لانگ مارچ کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورننس کی ناکامی واضح ہے اور صوبائی حکومت دہشت گردی روکنے میں بھی ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے تحت ہر سال دہشت گردی کے تدارک کے لیے فنڈز دیے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات ہوئے۔ صوبائی حکومت کو سیاست ترک کرکے ان علاقوں میں جانا چاہیے جہاں دہشت گردی کے باعث شہری جانیں گنوا رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم سمیت ہر شعبہ متاثر ہوچکا ہے۔ صوبائی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہ کچھ کیا ہے اور نہ ہی کچھ کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے گورنر راج سے متعلق کہا کہ اس کا سوال قبل از وقت ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان حکومت دہشت گردی کی حمایت کر رہی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کو قانون کے مطابق قرار دیا۔











