دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ بننے کیلیے پی ٹی آئی حکومت سے بار بار درخواست کی، وزیر داخلہ

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت سے بار بار درخواست کی گئی کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرے تاہم یہ درخواست قبول نہیں کی گئی۔
پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران بہت اتار چڑھاؤ دیکھے تاہم اب وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قیادت کرے گی تو دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنے میں کامیابی ملے گی۔ وفاقی حکومت صوبے میں امن کے قیام کے لیے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ خیبر پختونخوا پولیس کو جدید اسلحہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور جلد نتائج سامنے آئیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں پر سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے لیکن سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دہشتگردی کے خلاف اقدامات واضح نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ 24 گھنٹے کام کریں گے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بھی بڑھائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں