اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں مالی سال 2026-27 کے دوران مہنگائی کی شرح 9.9 فیصد تک پہنچنے کی پیشگوئی کردی ہے جبکہ معاشی ترقی کا تخمینہ 3.5 فیصد برقرار رکھا ہے۔
آئی ایم ایف کی تازہ عالمی اقتصادی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کا نیا تخمینہ حکومت کے مقرر کردہ 8.2 فیصد ہدف سے زیادہ ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات خطے میں مہنگائی بڑھنے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
حکومت نے موٹرسائیکل سواروں کے لیے ماہانہ 2 ہزار روپے اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے 3 ہزار روپے معاوضے کی اسکیم متعارف کرائی ہے تاہم آئی ایم ایف نے اسے زیادہ اخراجات کی حامل اسکیم قرار دے کر اعتراض کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکام نے معاشی ترقی کی شرح 4 فیصد تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی ہے جبکہ آئی ایم ایف نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا تخمینہ بڑھا کر جی ڈی پی کا ایک فیصد یعنی تقریباً 4.4 ارب ڈالر کردیا ہے۔











