پشاور: خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کے انتخاب کیلئے جرگوں اور مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس عمل میں مقامی عمائدین, علماء کرام اور دیگر متعلقہ افراد سے مشاورت کی جا رہی ہے۔
15 اکتوبر کو باجوڑ, کرم, باڑہ, خیبر, اپر دیر اور لوئر دیر میں منعقدہ جرگوں میں مقامی نمائندگی, عوامی مسائل, امن و امان اور ترقیاتی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمند, بنوں اور وزیرستان میں بھی جرگے منعقد کیے گئے۔
نئے انتظامی نظام کے تحت باجوڑ, مہمند, خیبر, کرم, اورکزئی, شمالی وزیرستان, جنوبی وزیرستان اپر, جنوبی وزیرستان لوئر, ڈیرہ اسماعیل خان, ٹانک, لکی مروت اور بنوں میں مقامی افراد کی مشاورت سے کونسل ارکان منتخب کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق علاقائی ترقیاتی کونسلوں کا مقصد مقامی مسائل کی نشاندہی, ترقیاتی منصوبوں کی تجاویز اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کاری کو مؤثر بنانا ہے۔ باقی اضلاع میں بھی آئندہ دو روز کے دوران نمائندوں کا انتخاب مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔











