الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی تزئین و آرائش مکمل ہوگئی،نواز گوندل

لاہور۔۔۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی سرپرستی میں الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی تزئین و آرائش کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا۔ اکیڈمی کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے فنونِ لطیفہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مزید بہتر، خوشگوار اور ادب دوست ماحول فراہم کیا گیا ہے۔

تزئین و آرائش کی تکمیل پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی ہدایت پر صحافیوں کو الحمرا مدعو کیا گیا، جہاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے ان سے ملاقات کی اور اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا دورہ کرواتے ہوئے جاری تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے کہا کہ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی فنون و ثقافت کے فروغ کے لیے کاوشوں کا عملی اظہار الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی تکمیل اور تزئین و آرائش کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب کی فعال سرپرستی میں الحمرا کے مختلف شعبوں میں بہتری اور ترقی کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ایک اہم قومی ثقافتی ادارہ ہے، اکیڈمی کو جدید خطوط پر استوار کرنا نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے ویژن کا حصہ ہے۔

محمد نواز گوندل نے کہا کہ اکیڈمی میں پرفارمنگ آرٹس، بصری فنون، مصوری، موسیقی، اداکاری، تھیٹر اور دیگر تخلیقی شعبوں میں باقاعدہ تعلیم و تربیت فراہم کی جا رہی ہے،یہاں موجود منظم تعلیمی و تربیتی نظام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے، فنی مہارت حاصل کرنے اور تخلیقی اظہار کے نئے امکانات تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تزئین و آرائش سے اکیڈمی کے ماحول اور سہولیات میں بہتری آئی ہے، جس سے طلبہ و طالبات کو اپنی فنی صلاحیتوں کے اظہار اور عملی تربیت کے لیے مزید موزوں فضا میسر آئے گی، نوجوانوں کی جانب سے الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں دلچسپی اس امر کی عکاس ہے کہ فنونِ لطیفہ کی تعلیم و تربیت کے لیے ایسے اداروں کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ الحمرا میں بہتری اور تزئین و آرائش کے مختلف مراحل کی تکمیل کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں کو مدعو کیا جاتا رہے گا تاکہ انہیں ادارے میں ہونے والی پیش رفت، جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ رکھا جا سکے،ثقافتی صحافیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ الحمرا کی سرگرمیوں کو وسیع تر عوامی سطح پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

دورے کے دوران ثقافتی صحافیوں نے الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی تزئین و آرائش، بہتر ماحول اور نوجوانوں کی فنی تعلیم و تربیت کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی تزئین و آرائش فنونِ لطیفہ کے فروغ، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی آبیاری اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تسلسل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں