گورنر راج میں حصہ نہ ملنے پر ایک پارٹی کے سربراہ ناراض ہیں، محسن نقوی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ گورنر راج میں حصہ اور گورنر شپ نہ ملنے پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ناراض ہیں۔ ان کے مطابق یہ وہی سیاستدان ہیں جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مذکورہ سیاستدان اپنی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود غیر شائستہ زبان اور الزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل کے معاملے پر بعض سیاسی رہنماؤں کی تشویش پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب کئی سال تک ان اضلاع کو ان کا جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو اس وقت یہ رہنما خاموش کیوں رہے؟
انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے عوام کے حقوق اور وسائل کا معاملہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔ خیبرپختونخوا اس وقت سنگین سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور سیاسی رہنماؤں کو انتشار پھیلانے کے بجائے امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
محسن نقوی کے مطابق خیبرپختونخوا کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے امن و استحکام اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں