اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے 5 لاکھ ہونہار طلبا و طالبات کو کروم بکس اور انٹرنیٹ فراہم کرنے کے منصوبے کا آغاز کردیا۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت میں قید نہیں ہونا چاہیے۔ طلبا کو بااختیار بنانے کے لیے عظیم سفر شروع کر رہے ہیں اور آئندہ دو سال میں 5 لاکھ طلبا تک کروم بکس پہنچائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کروم بکس صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر اسکولوں اور مدارس کے طلبا میں تقسیم کی جائیں گی۔ طلبا کو ان آلات کے ساتھ بیگ اور انٹرنیٹ مائی فائی بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ گھر بیٹھ کر ای لائبریری اور دنیا بھر کے تعلیمی وسائل سے استفادہ کرسکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ تعلیم ایسی دولت ہے جسے کوئی چوری نہیں کرسکتا اور یہی نوجوانوں کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔
شہباز شریف نے یاد دلایا کہ ماضی میں نواز شریف کی قیادت میں 6 لاکھ طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید آلات طلبا کی صلاحیتوں میں اضافے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔










