پیانگ یانگ:شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے فوجی کمانڈروں کو جنگ کے لیے مکمل تیاری یقینی بنانے اور سخت تربیت کے ذریعے فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری فوج کے کمانڈروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کم جونگ اُن نے فوجی یونٹوں کو جنگی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رکھنے اور حکمراں جماعت سے وفاداری مضبوط بنانے پر زور دیا۔
یہ پیش رفت شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ گزشتہ ماہ دونوں ممالک کو الگ کرنے والے غیر فوجی علاقے میں دھماکے سے جنوبی کوریا کے 3 فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ جنوبی کوریا نے واقعے کا الزام شمالی کوریا پر عائد کیا تھا جسے پیانگ یانگ نے مسترد کردیا۔











