اسلام آباد:پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور ختم کرنے یا اس پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کی مخالفت کردی۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے قونصلر گل قیصر سروانی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویٹو پاور کا غلط استعمال عالمی ادارے کی ساکھ اور سلامتی کونسل کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، برازیل، جرمنی اور جاپان کو مستقل رکن بنانے سے موجودہ عدم مساوات مزید بڑھ سکتی ہے۔ پاکستان منتخب ارکان کی تعداد اور کردار بڑھانے کے ساتھ ویٹو کے استعمال پر مؤثر پابندیوں کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستان نے سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے جمہوری نمائندگی بڑھانے اور فیصلوں کے عمل کو زیادہ شفاف بنانے پر بھی زور دیا۔











