اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی صارفین کو 200 یونٹ کی حد کے بجائے غربت کی بنیاد پر ریلیف دینے کے نظام پر کام کر رہی ہے جبکہ یہ حد 250 یونٹ تک بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ بعض صاحب حیثیت صارفین سولر سسٹم کے ذریعے بجلی کا استعمال 200 یونٹ سے کم کرکے رعایت حاصل کرلیتے ہیں۔ حکومت ٹیرف سلیب میں تبدیلی کے ذریعے اس مسئلے کا حل چاہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم ہوکر 1670 ارب روپے رہ گیا ہے جبکہ آئندہ چار سال میں اسے ختم کرنے کا ہدف ہے۔ وزارت توانائی کی بجٹ سپورٹ بھی 1180 ارب روپے سے کم ہوکر 700 ارب روپے رہ گئی ہے۔











