لاہور: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم کو 25.3 اوورز میں 110 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز میں پاکستان کا تیسرا کم ترین اسکور ہے۔
بابر اعظم 29 اور حسن نواز 17 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ فخر زمان نے 5 اور سلمان علی آغا نے 9 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں سری لنکا نے کامندو مینڈس کی ناقابل شکست 62 رنز کی اننگز کی بدولت ہدف 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا چکا ہے۔











