ممبئی:بالی ووڈ اداکار عمران خان نے ممبئی میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف احتجاج میں مبینہ شرکت پر بمبئی ہائیکورٹ میں غیر مشروط معافی نامہ جمع کرا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نے اپنے حلف نامے میں کہا کہ احتجاج میں شرکت ان کا ارادہ نہیں تھا بلکہ وہ صرف صورتحال کا جائزہ لینے وہاں گئے تھے۔ انہوں نے بھارت اور اس کے آئین سے محبت اور احترام کا اظہار بھی کیا۔
عمران خان نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ کسی احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی دوسرے شخص کو ایسے مظاہرے میں شامل ہونے کی ترغیب دیں گے۔
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 42 برسوں میں سے 40 سال بھارت میں گزارے ہیں اور ان کا پیشہ ورانہ تعلق بھی اسی ملک سے ہے۔
واضح رہے کہ 10 اکتوبر کو ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس نے عمران خان کو کچھ دیر حراست میں لیا تھا۔ بعد ازاں انہیں بھارت چھوڑنے کا نوٹس بھی جاری کیا گیا جبکہ ان کا او سی آئی اسٹیٹس منسوخ کرنے کے لیے بھی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔











