اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی امان اللہ کو ایف آئی اے اور سی ڈی اے نے نوٹس جاری کردیے۔
رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی رفقا سے متعلق مالی بے ضابطگیوں اور قانونی خلاف ورزیوں کے معاملات پر مختلف اداروں کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل نے امان اللہ کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرتے ہوئے 4 نومبر کو متعلقہ دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سی ڈی اے نے اسلام آباد میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری اراضی پر تجاوزات کے معاملے پر بھی امان اللہ کو نوٹس جاری کیا ہے۔
امان اللہ سیکٹر G-6/4 کی گلی نمبر 83 میں واقع اس مکان کے مالک ہیں جہاں مولانا فضل الرحمان رہائش پذیر ہیں۔











