نیویارک سٹی میراتھن: 24 سالہ ایتھلیٹ فنش لائن سے دو میل پہلے زندگی کی بازی ہار گئیں

امریکی ریاست پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ ایتھلیٹ ریچل آپا نیویارک سٹی میراتھن کے دوران انتقال کر گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریچل پہلی مرتبہ 26.2 میل طویل میراتھن میں حصہ لے رہی تھیں۔ وہ پارکنسنز بیماری پر تحقیق کے لیے چندہ جمع کرنے کی غرض سے ریس میں شریک ہوئی تھیں۔

ریس کے دوران سینٹرل پارک میں تقریباً 24ویں میل پر وہ فنش لائن سے دو میل سے کچھ زیادہ فاصلے پر اچانک گر پڑیں۔ موقع پر موجود افراد نے سی پی آر کیا جبکہ طبی ٹیم نے ڈیفبریلیٹر کے ذریعے انہیں بچانے کی کوشش کی۔

بعد ازاں انہیں ماؤنٹ سائی نی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں کئی گھنٹے علاج کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

ان کے والد اسٹیو آپا کے مطابق ریچل کو شدید جسمانی مشقت کے باعث پٹھوں کے ٹوٹنے اور جسم میں زہریلے مادوں کے پھیلاؤ کی بیماری رابڈومائیولائسز لاحق ہوئی تھی۔

ریچل بکنیل یونیورسٹی کی سابق فیلڈ ہاکی کھلاڑی تھیں۔ انہوں نے اپنے مرحوم دادا کی یاد میں میراتھن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کی وفات پر یونیورسٹی اور امریکی فیلڈ ہاکی حکام نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں