ٹرمپ نے امریکی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی، ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد انتخابی نتائج تسلیم کرنے اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔

نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ انتخابی نتائج قبول کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اپوزیشن کے ساتھ بعض معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے ریپبلکن امیدواروں کی شکست کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ پیپر پر ان کا نام موجود نہ ہونے کے باعث پارٹی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ اگر وہ خود انتخاب لڑ رہے ہوتے تو نتائج مختلف ہوسکتے تھے۔

ٹرمپ نے ناکام ہونے والے ریپبلکن امیدواروں کی حمایت کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے کو بھی درست اور دانش مندانہ قرار دیا۔

دوسری جانب انتخابی نتائج کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ وہ امیدواروں کی کامیابی اور ناکامی کی وجوہات کا تجزیہ کریں گے۔

انہوں نے ایک سرخ ٹوپی کی تصویر بھی شیئر کی جس پر ’’ویٹو‘‘ درج تھا۔ اس کے ذریعے انہوں نے واضح کیا کہ اگر ڈیموکریٹس کانگریس میں قانون سازی کے لیے اقدامات کریں گے تو وہ صدارتی ویٹو کا اختیار استعمال کرسکتے ہیں۔

ٹرمپ نے ریپبلکن امیدواروں کی شکست کے باوجود اپنی دوسری صدارتی مدت کے ابتدائی دو برسوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اپنے اقدامات پر کوئی افسوس نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں