دہشت گردی کے سہولت کاروں میں خیبرپختونخوا کی نااہل اور لاتعلق حکومت بھی تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سابقہ حکومت بھی دہشت گردوں کی سہولت کاری میں رکاوٹ نہیں بنی جبکہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے والا ایک سہولت کار اب وہاں موجود نہیں۔

رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف واضح حکمت عملی ہے جس کے تحت ملک میں دہشت گردوں اور ان کے تمام سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بڑے فوجی آپریشن کے بجائے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور سیکیورٹی فورسز روزانہ تقریباً 200 آپریشن کرتی ہیں۔ ان کارروائیوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی شریک ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا بنیادی مرکز افغانستان ہے جہاں دہشت گردوں کی قیادت اور تربیتی مراکز موجود ہیں۔ تاہم پاکستان اپنی داخلی ذمہ داریوں سے بھی غافل نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے باعث سب سے زیادہ مشکلات برداشت کی ہیں اور وہ امن و استحکام کے مستحق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں