اسلام آباد: پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی آج چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے تحت خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہوں گے۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق خلائی جہاز جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے صبح 8 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوگا۔ محمد ذیشان علی مشن میں سائنسی ماہر کی حیثیت سے مختلف تجربات کریں گے اور تقریباً ایک ہفتے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ خلا کا سفر ان کے ساتھ پورے پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ چین میں انہیں بہترین تربیت فراہم کی گئی اور چینی عملے کے ساتھ مضبوط دوستی قائم ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے۔ امید ہے کہ یہ آخری مشترکہ مشن نہیں ہوگا اور مستقبل میں دونوں ممالک کا خلائی تعاون مزید بڑھے گا۔











