آج مولانا فضل الرحمان کی باری آئی، کل ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باری آئے گی، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد:سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آج جو کچھ ہورہا ہے وہ پہلے سے طے تھا۔ آج مولانا کی باری آئی ہے اور کل ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت سب کی باری آئے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب تحریک انصاف کو دیوار سے لگایا گیا تو سب خاموش رہے۔ دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام کا اعتماد ضروری ہے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقی قانون پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔

علی امین گنڈاپور نے پارٹی میں اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سب کا لیڈر بانی پی ٹی آئی ہے اور سہیل آفریدی آج بھی وزیراعلیٰ ہیں۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کے آڈیو لیک کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔ عدالت نے انہیں وکیل راجا ظہورالحسن کے ہمراہ پیش ہونے پر ریلیف دیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت 20 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں