ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کی باصلاحیت فنکارہ حنا دلپذیر نے انکشاف کیا کہ بھارتی اداکار انیل کپور نے قدوسی صاحب کی بیوہ دیکھ کر ان سے رابطہ کیا۔
قدوسی صاحب کی بیوہ اور بلبلے کے کردار مومو سے شہرت حاصل کرنے والی ورسٹائل اداکارہ حنا دلپذیر نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فلم سٹار انیل کپور کو قدوسی صاحب کی بیوہ میں ان کا کردار بہت پسند آیا اور انھوں نے رابطہ کرکے میرے کام کی تعریف کی تھی۔
اداکارہ حنا دلپذیر کے مطابق ان سے بالی ووڈ میں کام کرنے کے لئے بھی رابطہ کیا گیا لیکن اسی دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو جانے کی وجہ سے بات آگے نہیں بڑھی۔
حنا دلپذیر کا کہنا تھا کہ اب اگر کوئی بھی آفر آئی اور اچھا اسکرپٹ ملا ہے تو وہ لازمی بیرون ملک کے پروجیکٹس میں بھی کام کرنے کو آفر کو قبول کر لیں گی۔ حنا نے گفتگو کے دوران اپنے ملک کی انڈسٹری میں اچھے فنکاروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا بھی شکوہ کیا۔
حنا دلپذیر نے کہا کہ انڈسٹری میں آج تک انھیں کبھی بھی وہ حق نہیں دیا گیا جس کی وہ حقدار ہیں، لیکن وہ ان باتوں سے بہت دور رہتی ہیں اور صرف اپنے کام سے ہی مطلب رکھتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح انہیں ایک بار ایک ایوارڈ شو کے لئے بیرون ملک بلایا گیا جہاں انھیں ایوارڈ دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا لیکن بعد میں وہ ایوارڈ کسی اور کو دے کر ناروا سلوک کیا گیا۔
یاد رہے کہ چند سال قبل بالی وڈ کے معروف اداکار انیل کپور نے پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور کامیڈین حنا دلپذیر نے اپنے کام سے انہیں بہت متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے گفتگو میں حنا دلپذیر کو آرٹ دیوا قرار دیا تھا۔