افیئر کی افواہوں پر اے آر رحمان کی گٹارسٹ نے خاموشی توڑتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ یہ سب افواہیں ہیں، حقیقت سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
حال ہی میں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ کی طلاق کی خبریں منظر عام پر آنے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ان کے بینڈ کی گٹارسٹ موہنی ڈے کی طرف سے بھی اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان سامنے آ گیا تھا، جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر دونون فنکاروں کے باہمی تعلق کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں تھیں۔
موہنی ڈے نے ان افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے انسٹا گرام اسٹوری میں بتایا کہ ان افواہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، انہیں انٹرویوز کے سلسلے میں متعدد درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، لیکن ان کا بے بنیاد افواہوں پر بات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
گٹارسٹ موہنی ڈے کا کہنا ہے کہ وہ ان فضول باتوں پر اپنی توانائی ضائع نہیں کرنا چاہتیں اور لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ ان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
یاد رہے کہ موہنی ڈے کی اس وضاحتی پوسٹ سے پہلے اے آر کی اہلیہ سائرہ کے وکیل وندنا شاہ نے بھی واضح کیا تھا کہ اس طلاق کا موہنی ڈے کی اپنے شوہر سے علیحدگی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے یہ فیصلہ اپنی ذاتی وجوہات کی بنیاد پر لیا ہے۔
دوسری جانب موہنی ڈے اور ان کے شوہر مارک بھی اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہہ چکے ہیں کہ یہ علیحدگی ان کا باہمی رضامندی پر ہوئی اور وہ اب بھی اچھے دوست ضرور رہیں گے۔ یہ بھی یاد رہے کہ 29 سالہ موہنی ڈے کولکتا سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ ایک معروف گٹارسٹ ہیں، وہ اب تک موسیقار اے آر کے ساتھ دنیا بھر میں 40 سے زائد شوز میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔