پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا ایک بار پھر خبروں میں ہیں، ان کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید کر رہے ہیں۔
لالی ووڈ اداکار اپنی نئی فلم باپ کے ساتھ فلمی دنیا میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ نوے کی دہائی سے شوبز انڈسٹری کا حصہ رہنے والے اداکار نے لاتعداد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
فلم انڈسٹری کے زوال کے باوجود، انہوں نے ٹیلی ویژن کا رخ نہیں کیا اور فلموں سے ہی وابستہ رہے۔ اب ان کی نئی فلم باپ جلد ریلیز ہونے والی ہے۔ گزشتہ دنوں فلم کے پریمیئر شو میں ان کی غیر معمولی انداز میں شرکت نے سب کو حیران کر دیا۔
فلم کے اس پریمیئر کے دوران معمر رانا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کو غیر معمولی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہیں چلنے میں دشواری ہو رہی ہے اور ساتھی اداکار انہیں سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں نظر آنے والے اس منظر نے وہاں موجود لوگوں اور سوشل میڈیا صارفین کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے اور لوگ اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
اس ویڈیو کی اصل حقیقت کیا ہے اس پر ابھی تک اداکارہ کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی، سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ اس حوالے سے مزید کیا تفصیلات سامنے آتی ہیں۔
اب تک اس صورتحال پر سوشل میڈیا صارفین کے مختلف تاثرات سامنے آ رہے ہیں، جن میں اداکار کے ممکنہ طور پر کچھ پینے کے باعث حالت خراب ہونے پر تنقید جاری ہے۔